کشمیری طلبا کو نکالنے والی بھارتی یونیورسٹی کی ویب سائٹ ہیک ،’’ہم سوئے ضرور مردہ نہیں ہیں‘‘:کریو گروپ کا پیغام
نئی دہلی (کے پی آئی) پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جیت پر خوشی کا اظہار کرنے کی پاداش میں بھارتی یونیورسٹی سے 67کشمیری طلبہ کی معطلی کے خلاف اظہار ناراضگی کرنے کیلئے پاکستان ہیکرز نامی ایک نامعلوم ادارے نے مذکورہ یونیورسٹی کی ویب سائٹ کو ہیک کر لیا ہے۔ ویب سائٹ پر ہیکروں نے پاکستانی پرچم لہرائے ہیں اور ساتھ ہی طلبہ کی معطلی کی خبریں بھی مشتہر کی ہیں ۔ ویب سائٹ پر پاکستان ہیکرز کریو نامی گروپ کی طرف سے مشتہر پیغام میں کہا گیا کہ ’’ ہم سوئے ضرور ہیں تاہم ہم مردہ نہیں ‘‘ ساتھ ہی کشمیر کی آزادی کے حوالے سے بھی نعرے درج کئے گئے ہیں۔