اوپن یونیورسٹی نے اساتذہ کی تربیت کیلئے ڈپلومہ اور مختصر کورسز تیار کرلئے

اسلام آباد (نا مہ نگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہ فاصلاتی ٗ غیر رسمی و تعلیم جاریہ نے فاصلاتی نظام تعلیم کے اداروں میں کام کرنے والے اساتذہ کی تربیت کے لئے پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ اور چھ ماہ دورانیہ کے مختصر کورسسز تیار کرلئے ہیں ٗ ان تعلیمی پروگرامز میں داخلوں کا آغاز آئندہ سمسٹر یعنی فروری 2018سے کیا جائے گا۔ ان کورسسز سے فاصلاتی نظام تعلیم کے اساتذہ کی صلاحیتیں مزید اجاگر ہوں گی جس سے ان کے تعلیمی اداروں کی ریٹنگ بہتر ہوگی اور طلبہ کو معیاری ٹیچنگ دستیاب ہوگی۔ ان کورسسز میں غیر رسمی تعلیمی اداروں میں تدریسی امور انجام دینے والے ٹیچر ہی داخلہ حاصل کرسکیں گے۔پاکستان میں فاصلاتی نظام تعلیم کے اساتذہ کی تربیت کے لئے یہ کورسسز پہلی دفعہ متعارف کئے جارہے ہیں۔ اس پراجیکٹ کی کامیابی کے لئے اوپن یونیورسٹی کو یونیسکو ٗ جائیکا ٗ این سی ایچ ڈی ٗ یونیسف اور چاروں صوبوں کے لٹریسی ڈپارٹمنٹس کا تعاون حاصل ہے۔مختصر کورسسز کے نصابات پر بحث و تکرار اور نظرثانی فیکلٹی آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام منعقدہ ایک سیمینار میں کی گئی۔ اس سیمینار میں اعلیٰ تعلیمی اداروں کے سربراہوں اور فاصلاتی نظام تعلیم کے ماہرینٗ یونیسکو ٗ جائیکا ٗ این سی ایچ ڈی ٗ یونیسف کے نمائندوں نے شرکت کی تھی۔ ڈاکٹر محمد اجمل نے سیمینار کے اعراض و مقاصد بیان کئے۔تقریب کے شرکاء میں پروفیسر ڈاکٹر ہارونہ جتوئی ٗ پروفیسر ڈاکٹر منظور عارف ٗ ڈاکٹر شیر زمان ٗ ڈاکٹر صفدر رحمن غازی ٗ پروفیسر ڈاکٹر صفیانہ خاتون اور شعبہ فاصلاتی و غیر رسمی تعلیم کے اساتذہ شامل تھے۔