مفتاح اسماعیل وزیر خزانہ ہونے کی اہلیت نہیں رکھتے ،قیصر شیخ 

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی اور سینئر پارلیمنٹیرینز قیصر شیخ نے کہا کہ مفتاح اسماعیل وزیر خزانہ ہونے کی اہلیت نہیں رکھتے ، کراچی میں لوگوں نے مفتاح اسماعیل کو ہمیشہ مسترد کیا ۔ ملک دیوالیہ ہو چکا ہے، معاشی بحران کی وجہ سے ملک ڈوب رہا ہے، پاکستان کے کسی دوست ملک نے فنڈز دینے کی حامی نہیں بھری ، حکمرانوں کی توجہ غیر ضروری معاملات پر ہے ، قومی اسمبلی میں بھی معاشی بحران پر کوئی بحث نہیں ہورہی مہنگائی حکمرانوں کی اپنی غفلت کی وجہ سے ہے، مسائل سے نکلنے کا واحد حل چارٹر آف اکانومی کیا جائے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کیذخائر 10ارب ڈالر سے بھی کم ہو گئے ، ان میں وہ پیسے بھی ہیں جو سعودی عرب اور چین نے صرف سٹیٹ بنک میں رکھنے کیلیے دیئے خرچ نہیں کر سکتے ،  10ماہ میں ملک کا تجارتی خسارہ 39ارب ڈالر سے اوپر چلاگیا ہے ، کرنٹ اکائونٹ خسارہ 17ارب ڈالر کو پہنچ رہا ہے، بجٹ خسارہ 4ہزار ارب روپے سیا وپر چلا گیا ہے۔