پاکستان میں نیوٹرل امپائرزکی تقرری عارف عباسی کا کارنامہ
کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف ایگزیکٹو اور پی آئی اے کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر عارف علی خان عباسی کی کتاب ’’ناٹ اے جنٹلمین گیم‘‘ کی تقریب رونمائی مہتہ پیلس کراچی میں منعقد ہوئی۔ اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان نے کتاب کی ربن کاٹی۔ آئی سی سی کے سابق سربراہ احسان مانی‘ ورلڈ کپ1992 ء کے فاتح منیجر اور سابق کپتان انتخاب عالم‘ سابق اوپننگ بیٹسمین محسن حسن خان‘ انور مقصود اور ممتاز صحافی حمید ہارون نے تقریب سے خطاب کیا جبکہ عامر سہیل نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ علی جونیجو نے کتاب سے کچھ اقتباسات پڑھ کر سنائے۔ عارف علی خان عباسی نے بھی خطاب کرتے ہوئے مہمانوں کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور سابق سربراہ کرکٹ بورڈ نور خان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب میں سابق کپتان یونس خان‘ سابق چیف سلیکٹر نوشاد علی‘ کرکٹ کمنٹیٹر چشتی مجاہد‘ سابق کپتان معین خان‘ صادق محمد‘ شعیب ملک‘ دانش کنیریا‘ ہاکی اسٹار فلائنگ ہارس سمیع اللہ‘ سابق کپتان سلیم ملک سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات اور اسپورٹس صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مقررین نے عارف علی خان عباسی کی قائدانہ صلاحیتوں کی زبردست تقریب کرتے ہوئے ورلڈ کپ1987 ء اور1996 ء پاکستان میں انعقاد اور کرکٹ میں نیوٹرل امپائرز اور ریفری کی تقرری کو عارف علی خان عباسی کا کارنامہ قرار دیا۔ مقررین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ماضی میں آئی سی سی ہر معاملے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو اہمیت دیتا تھا اور پاکستان نے کرکٹ کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے۔ عارف علی خان عباسی نے عالمی کرکٹ میں پی سی بی کی شان‘ وقار اور عزت بڑھائی اور اب ایسا نہیں ہے اس کی وجہ سیاسی تقرریاں اور میرٹ کی خلاف ورزی ہے۔