سینٹ کمیٹی ماحولیات نے شکرپڑیاں کرکٹ سٹیڈیم پر کام روکنے کی سفارش کردی
اسلام آباد (آن لائن) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ماحولیاتی تبدیلی میں کمیٹی ممبرز نے کہا کہ جون اس سال کا گرم ترین مہینہ ہوگا اور 2016 ء گرم ترین سال ہوگا۔ پاکستان میں ہیٹ سٹروک سینٹرز 1997 ء سے زیر التواء ہیں‘ ہم آج بھی 30 سال پہلے کے پروجیکٹ کو ڈسکس کررہے ہیں‘ ہمیں سنجیدگی سے کام کرنے کی ضرورت ہے ‘ کمیٹی نے اسلام آباد میں شکرپڑیاں کرکٹ سٹیڈیم پر کام روکنے کی سفارش کردی اور کہا کہ اس سے ماحولیات اور اسلام آباد کا موسم تباہ ہوجائے گا۔ سمندری سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور سائیکلون کے خطرات بھی بڑھ رہے ہیں۔ سائیکلون کے شدید خطرات والے شہروں میں کراچی بھی شامل ہے وہ دن دور نہیں ٰڈیلٹا سے نیچے ہونے کی وجہ سے کراچی پانی میں ڈوب جائے گا۔ گزشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس چیئرمین میر محمد یوسف بادینی کی صدارت میں شروع ہوا۔