سڑکوں پر آنے کی کال دی تو حکومت کا چلنا مشکل ہو جائیگا: حمید سیالوی
ساہیوال/ سرگودھا / لاہور (خصوصی نامہ نگار) سجادہ نشین سیال شریف خواجہ حمیدالدین سیالوی نے کہا کہ جب تک ایک بھی عاشق رسولؐ موجود ہے حکمرانوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہوں گے۔ ختم نبوت بل کو چھیڑ کر قادیانیوں کو نوازنے کی ناپاک جسارت کی گئی۔ تحفظ ناموس رسالت کی خاطر اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے ہر حد تک جائیں گے کسی کو مسلمانوں کے جذبات سے ہرگز نہیں کھیلنے دیں گے۔ گوجرانوالہ میں کانفرنس کے بعد گجرات اور پھر لاہور میں فائنل کال دیں گے جس میں ملک بھر سے لاکھوں عاشقان رسولؐشرکت کر کے حکمرانوں کو بتا دیں گے کہ نہ جھکیں گے نہ ہی کوئی سمجھوتہ کریں گے ان چہروں کو بے نقاب کریں گے جنہوں نے یہ ناپاک جسارت کی۔ ایک وزیر کی خاطر ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانا کونسی عقلمندی ہے۔ خواجہ حمید سیالوی سے سجادہ نشین گولڑہ شریف غلام نظام الدین جامی نے ملاقات کی۔ میڈیا سے گفتگو میں پیر سید غلام نظام الدین جامی نے کہا ہے کہ مسئلہ ختم نبوت پر ہرگز کمپرومائز نہیں کیا جا سکتا۔ ادھر حکومتی مستعفی رکن غلام بی بی بھروانہ کا استعفیٰ پیر حمید الدین سیالوی کے سیکرٹری نے قومی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیا، مستعفی رکن اسمبلی نثار جٹ کا استعفیٰ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو ابھی تک موصول نہیں ہوا، غلام بی بی بھروانہ نے نجی دورے پر لندن روانہ ہونے کا فیصلہ کر لیا۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے خواجہ حمید الدین سیالوی سے تفصیلی ملاقات کی ہے جس میں گوجرانوالہ، گجرات اور لاہور کی ختم نبوت کانفرنسوں کا شیڈول اور چاروں صوبوں کے مشائخ سے رابطے کے لئے لائحہ عمل تیار کیا گیا۔ مستعفی رکن صاحبزادہ نظام الدین سیالوی بھی موجود تھے۔ حمید سیالوی نے کہا کہ حکومت مجھے انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور نہ کرے۔ میں نے مشائخ کو مریدوں سمیت سمیت سڑکوں پر نکلنے کی کال دی تو حکومت کا چلنا مشکل ہو جائے گا۔ خدا کرے دھرنا دینے کی نوبت نہ آئے۔ رانا ثناء اللہ کی سرپرستی کرنے والے برابر کے مجرم ہیں۔ تحفظ ختم نبوت کے مشن سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ختم نبوت کے غداروں کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔ استعفے پانچ سے پچاس ہوتے دیر نہیں لگے گی۔ ن لیگ کی حکومت پر ختم نبوت حلف نامہ میں تبدیلی کا داغ کبھی دھل نہیں سکے گا۔ پیر سیال شریف اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ فاٹا اصلاحاتی بل فی الفور منظور کیا جائے۔ فاٹا کو قومی دھارے میں لانا ملکی مفاد میں ہے۔