ملک بھر میں لاکھوں افراد اعتکاف بیٹھ گئے، مساجد میں زبردست رش
لاہور (خصوصی نامہ نگار) لاہور سمیت ملک بھر کی مساجد میں لاکھوں افراد اعتکاف بیٹھ گئے‘ مساجد میں زبردست رش دیکھنے میں آیا۔ رات بھر لوگ اللہ کے حضور عبادات میں مصروف رہے۔ لاہور میں بادشاہی مسجد، جامع مسجدالقادسیہ، جامعہ نعیمیہ، جامعہ اشرفیہ سمیت محکمہ اوقاف کے زیرانتظام مساجد میں ہزاروں افراد کیلئے اعتکاف کے وسیع پیمانے پر انتظامات کئے گئے ہیں۔ طاق راتوں میں خصوصی دعوتی و تبلیغی پروگرام بھی ہوں گے۔ ملک بھر کے ہر چھوٹے بڑے شہر، قصبوں و دیہات کی مساجد میں لوگوں نے 20 رمضان المبارک کی شام مغرب کی نماز مسجد میں ادا کی اور رات عبادت کے بعد نماز فجر کے بعد خیموں میں داخل ہو گئے۔ عیدالفطر کا چاند نظرآنے کے بعد اعتکاف ختم کیا جائے گا۔