کراچی میں آگ لگانے والوں کو ہر قیمت پر پکڑا جائے‘ آرمی چیف: ایسا جواب دینگے تمام زندگی یاد رکھیں گے: ڈی جی رینجرز
کراچی+ اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ کرائم رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر کو ٹیلیفون کیا اور کراچی واقعات میں ملوث ملزموں کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔ جنرل راحیل شریف نے کہا شہر میں امن و امان ہر صورت برقرار رکھا جائے جنہوں نے یہ آگ لگائی ان شرپسندوں کو ہر قیمت پر پکڑا جائے۔ ڈی جی رینجرز نے بتایا صورتحال کنٹرول میں ہے‘ شرپسندی پر اکسانے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ کرائم رپورٹر کے مطابق ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے ہنگامہ آرائی اور جلائو گھیرائو کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور حملہ کرنے والوں کو ایک ایک سیکنڈ کا حساب دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا جنہوں نے حملے کا حکم دیا اس سے بھی حساب لیا جائے گا۔ ڈی جی رینجرز نے یہ اپیل بھی کی مارکٹیں بند کرانے کی اطلاع رینجرز کو دی جائے۔ ہر شہری کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائیگا۔ شہر کا امن تباہ نہیں ہونے دیں گے اور لاقانونیت کے ذمہ داروں کوکیفر کردار تک پہنچایا جائیگا۔ انہوں نے اے آر وائی ٹی وی چینل اور مارکیٹوں کے دورے کے موقع پر حملہ آوروں کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی اور کہا ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ میںملوث افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمات قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا ملوث عناصر کے نام اور تصاویر کی شناخت ہوگئی ہے۔ آئی این پی کے مطابق ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے کہا جن لوگوں نے کراچی میں ہنگامہ آرائی کی یا کرائی، وہ اب جواب کیلئے تیار رہیں، ان کو تمام باتوں اور ایک ایک سیکنڈ کا حساب دینا ہوگا۔ ان لوگوں کو ایسا جواب دیا جائیگا وہ تمام زندگی یاد رکھیں گے۔ ڈی جی رینجرز نے آرمی چیف کو یقین دہانی کرائی شرپسندوں اور ان کو اکسانے والوں کیخلاف بھرپور کارروائی ہوگی اور شہر کا امن یقینی بنایا جائیگا۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کہا آرمی چیف کی ہدایت کے مطابق شہر میں امن و امان بحال کردیا گیا ہے۔ شہر کی تمام سڑکوں پر ٹریفک بحال ہے۔ مارکٹیں کھلی ہیں، آج بھی حالات کو مانیٹر کیا جائیگا۔ جو تقریر سن کر پاکستان مخالف نعرے لگا رہے تھے شروع میں پولیس صورتحال کو ہینڈل کررہی تھی جنہوں نے وائلنس کیا ہے انکو پکڑا جائیگا۔ ٹی وی فوٹیج سے شناخت کررہے ہیں، ان کو پکڑا جائے گا۔ آئندہ بھی کسی نے ایسا کرنے کی کوشش کی تو ہم ایکشن لیں گے۔ اپنی ذات پر تنقید کے حوالے سے انہوں نے کہا ہمارے لئے پاکستان سب کچھ اور سب سے اہم ہے۔ جنہوں نے پاکستان کیخلاف باتیں کیں ان کیخلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے کہا فاروق ستار سے کیمپ میں موجود لوگوں کی معلومات حاصل کریں گے۔ میڈیا ہائوسز پر حملے میں ملوث افراد کی شناخت حاصل کریں گے۔ شناخت لینے کے بعد فاروق ستار کو جانے کی اجازت دیں گے۔ پولیس اہلکار سے ہتھیار چھیننے کی کوشش کی گئی۔ آرمی چیف نے تشدد کرانے اور کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا کہا ہے۔ کچھ لوگ تشدد پر اکسا رہے ہیں ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔ ہمیں معلوم ہے کراچی کا امن تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ شرپسندی پر اکسانے والوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ آج بھی حالات کو مانیٹر کیا جائے گا۔ پاکستان کے خلاف باتیں کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جن لوگوں نے تشدد کیا سب کی شناخت کررہے ہیں۔