ترک صدر سے ملاقات ، عسکری اور بہتری تربیت کے تجربات کا تبادلہ کرنے کو تیار ہیں: جنرل راحیل
انقرہ+ راولپنڈی ( صبا ح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ)آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور ترک صدر طیب اردگان کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کے مزید فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ آرمی چیف کہتے ہیں پاک فوج ہر وقت عسکری اور بہتر تربیت کے تجربات کے تبادلے کیلئے تیار ہے۔ ترک صدر نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں کو بھی سراہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دورہ ترکی کے دوران ترک صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کی۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے بھی مشقیں دیکھیں ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ترک صدر نے کثیر الاقوامی مشقوں میں پاکستانی دستوں کی موجودگی پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مشقوں سے پاکستان اور ترکی بالخصوص دونوں ملکوں کی مسلح افواج کے درمیان موجودہ قریبی تعلقات کو فروغ ملے گا۔ اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا پاک فوج نے 3 سال کے دوران ملک اور بیرون ملک 52 مشترکہ جنگی مشقیں کیں۔ ہر وقت عسکری اور بہتر تربیت کے تجربات کے تبادلے کیلئے بھی تیار ہیں۔ جنرل راحیل شریف نے ترکی میں کثیر الاقوامی فوجی مشقوں کا معائنہ بھی کیا اور بڑے پیمانے پر غیر معمولی مشقیں کرانے پر ترکی کی مسلح افواج کو سراہا۔ ترکی کے چیف آف جنرل سٹاف Hulusi Akar نے ازمیر میں مشقوں کے ایریا میں پہنچنے پر بری فوج کے سربراہ کا استقبال کیا ۔ فوجی مشقوں میں پاکستان، امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب قطر اور آذر بائیجان کے دستے شریک ہیں۔