روز مرہ مصروفیات اور ضروریات کے مطابق غذا کا انتخاب اہم ہے: ڈاکٹر سعید اختر
ملتان( نمائندہ نوائے وقت)بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے کہاہے کہ روزمرہ مصروفیات اور ضروریات کے مطابق غذا کا انتخاب کرنا انتہائی اہم ہے ہر انسان کی اپنی جسمانی ساخت کے مطابق غذائی ضروریات ہوتی ہیں جس کے لیے مناسب ڈائٹ پلان پر عمل کرنا موجودہ حالات کاتقاضا ہے انہوں نے ان خیالات کا اظہار’’ غذائیت آگاہی کیمپ‘‘ کے افتتاح کے موقعہ پر کیا۔ جس میں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے اساتذہ و طلباء طالبات نے شرکت کی اور اپنا معائنہ کرایا۔ غذا کے استعمال اور ضروریات کے بارے میں مشورے لیے ۔ کیمپ میں انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن ۵ سمسٹر کے طلباو طالبات نے مختلف سٹالز لگائے۔ جس میں غذائیت کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ پروفیسر ڈاکٹر سعید اختر نے مزید گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب میں غذا کے درست استعمال کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کی بہت ضرورت ہے ہمارے علاقے میں تعلیم کی کمی کے باعث ہم غیرمتوازن خوراک کا استعمال کررہے ہیں ۔ جو کہ بہت سی بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔ ہمیں اپنی خوراک میں سبزیاں پھل اور دودھ شامل کرنا چاہیے۔ اس موقعہ پر ’’ دی فزیو ‘‘ کے سی ای او ڈاکٹر محمد فراز بلال ، ڈاکٹر احسن ستار ، ڈاکٹر توصیف سلطان ، ڈاکٹر انیلہ حمید ، ڈاکٹر طارق اسماعیل ، ڈاکٹر کاشف اکرام ، ڈاکٹر خرم افضل ، ڈاکٹر عامر اسماعیل ، ڈاکٹر عدنان امجد ، میمونہ امیر ، حافظ ریحان ندیم ، ڈاکٹر محمد زبیر ، کامران تصدق بھی موجود تھے۔