تقریبات یوم قائداعظم کے سلسلے ایوان کارکنان تحریک پاکستان میں سکولوں کے طلبہ کے درمیان تقریری مقابلے کا انعقاد‘ آج کالجوں‘ یونیورسٹیوں کے مابین مقابلے ہوں گے
لاہور(خصوصی رپورٹر) نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوانِ کارکنانِ تحریک پاکستان ،شاہراہِ قائداعظم لاہور میں تقریبات یوم قائداعظم کے سلسلے میں سکولوں کے طلبا و طالبات کے مابین انعامی تقریری مقابلہ بعنوان ’’کشمیر فوجی اور سیاسی اعتبار سے پاکستان کی شہ رگ ہے‘‘ ہوا۔ مقابلہ کے منصفین کے فرائض پروفیسر رضوان الحق اور عمران نقوی نے انجام دیے۔ اس موقع پر طلبا وطالبات سے گفتگو کرتے ہوئے پروفیسر رضوان الحق نے کہا کہ قائداعظم کو نوجوانوں سے بڑی امیدیں وابستہ تھیں اور نوجوانوں کوان کی امیدوں پر پورا اترنے کی پوری کوشش کرنی چاہئے۔ مقابلوں کے نتائج کے مطابق طالبات کے مابین ہونیوالے مقابلے میںملائکہ صابر نے اول، تہذیب افضل نے دوئم اور عطیہ جلیل نے سوئم پوزیشن حاصل کی جبکہ علشبہ فاطمہ کو خصوصی انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔ طلبا کے مابین ہونیوالے مقابلے میں طیب امین نے اول، لاہور ماڈل ہائی سکول کے محمدصہیب فضل نے دوئم اور سید شہریار نے سوئم پوزیشن حاصل کی جبکہ محمد سبطین ولی کوخصوصی انعام کا حقدار قرار دیا گیا۔ علاوہ ازیں نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوانِ کارکنانِ تحریک پاکستان شاہراہِ قائداعظم لاہور میں تقریبات یوم قائداعظم کے سلسلے میں آج منگل 27 ستمبر کو ساڑھے دس بجے صبح کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا و طالبات کے مابین انعامی تقریری مقابلہ بعنوان ’’بلوچستان آزاد اور بہادر انسانوں کی سرزمین ہے۔قائداعظم ‘‘ ہو رہا ہے۔