امامیہ کالونی، رنگساز کا 7 سالہ بچہ ابلتے پانی کے برتن میں گر کر جاں بحق
لاہور (نامہ نگار) شاہدرہ ٹاؤن کے علاقہ میں رنگساز کا 7 سالہ بچہ ابلتے ہوئے پانی کے برتن میں گرنے سے جھلس کر جاں بحق ہو گیا جبکہ بچے کی ہلاکت پر ماں صدمے سے بے ہوش ہو گئی۔ شاہدرہ ٹاؤن کے علاقہ امامیہ کالونی نئی بستی فیروز والہ میں رنگساز عاصم علی نے کپڑوں کی رنگائی کے لیے بڑے دیگچے میں پانی ابالنے کے لئے رکھا ہوا تھا۔ اس دوران وہ باہر گیا تو اس کا 7سالہ بیٹا امداد علی وہاں کھیلتے ہوئے ابلتے ہوئے پانی کے برتن میں گر گیا اور جھلس کر شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لئے ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی ۔بچے کی ہلاکت پر گھر میں کہرام مچ گیا جبکہ بچے کی ماں صدمے سے بے ہوش ہو گئی جبکہ باپ کو غشی کے دورے پڑتے رہے۔