اسلام دشمن قوتوں کے خلاف مشترکہ حکمت عملی اپنائی جائے‘سراج الحق
لاہور(نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عالمی اسلامی تحریکوں کو اسلام دشمن قوتوں کے اسلام کے خلاف پراپیگنڈے کا موثر جواب دینے کے لیے مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے ۔ جب تک اسلامی ممالک کے حکمران متحد ہو کر اس طرف توجہ نہیں دیں گے ، امت مسلمہ کے مسائل حل نہیں ہوں گے ۔ اسلامی تحریکوں کو جمہوری اور پارلیمانی نظام کے ذریعے آگے بڑھنا اور عالمی امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ان خیالات کااظہار انہو ں نے مکہ مکرمہ میں جاری رابطہ عالم اسلامی کے اجلاس کے موقع پر سیکرٹر ی جنرل مسلم ورلڈ لیگ ڈاکٹر عبدالکریم العیسیٰ کی طرف سے دیے گئے ظہرانہ پر اسلامی سکالرز کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر عبدالرشید ترابی اور ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر بھی موجود تھے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ اس وقت دنیا بھر میں مسلمانوں کا خون بہایا جارہاہے اورمسلمانوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹا جارہاہے ۔ ان مقبوضہ مسلم علاقوں میں مساجد و مدارس اور مسلم آبادیوں کو نشانہ بنایا جارہاہے ۔ معصوم بچوں ، خواتین اور ضعیف و ناتواں بزرگوں کا بھی کوئی لحاظ نہیں کیا جارہا۔ بنگلہ دیش میں اسلامی تحریک کی قیادت کو پھانسیوں پر لٹکایا جارہاہے اور ہزاروں بے گناہ کارکنان جن میں سینکڑوں کی تعداد میں خواتین بھی ہیں ، انہیں جیلوں میں بند کر رکھاہے ۔
سراج الحق