بیان بازی: مریم اور احسن اقبال کے خلاف توہین عدالت درخواست خارج
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے عدلیہ مخالف بیان بازی پر مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز اور وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست خارج کر دی ہے۔ جسٹس شاہد کریم نے فیصلہ سناتے ہوئے شہری صدر الدین کی درخواست خارج کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ عدلیہ کیخلاف بیانات پر مریم نواز اور احسن اقبال کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ دونوں نے این اے 120 کی انتخابی مہم کے دوران عدلیہ کو تنقید کا نشانہ بنایا، وفاقی وزراء بھی پریس کانفرنس اور مختلف مواقع پر عدلیہ کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کر رہے ہیں، عدالت نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ جب سپریم کورٹ نے کوئی نوٹس نہیں لیا تو لاہور ہائیکورٹ کیسے کارروائی کر سکتی ہے، عدالت نے درخواست خارج کرتے ہوئے کہا کہ جلسوں میں تقریریں کرنے سے عدلیہ کی عزت میں کمی نہیں آتی۔