کراچی میں پرتشدد واقعات، کانسٹیبل سمیت 5 افراد ہلاک، پولیس موبائل پر بم پھینک دیا
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی میں منگل کے روز فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق کالعدم تنظیم کا دہشت گرد اور 3 جرائم پیشہ افراد مقابلوں میں مارے گئے۔ پولیس موبائل پر بم سے حملہ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق بفرزون میں گذشتہ ہفتے پولیس وین پر دستی بم حملے میں شدید زخمی ہونیوالا پولیس اہلکار 45 سالہ طاہر فاروق گذشتہ روز ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ ادھر گذشتہ روز سٹیڈیم روڈ پر عزیز بھٹی تھانے کے قریب پولیس موبائل پر دستی بم حملے سے علاقہ لرز اُٹھا۔ پولیس موبائل کو نقصان پہنچا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ علاوہ ازیں سرسید ٹاؤن میں ناگن چورنگی کے قریب موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے 40 سالہ فرید قریشی سرجانی ٹاؤن میں ایزی لوڈکی دکان پر فائرنگ سے 28 سالہ فضل عباس دم توڑ گیا۔ اتحاد ٹاؤن میں نامعلوم افراد نے سٹیل ملز کے مالک جعفرانی کو اغوا کر لیا۔ ادھر کٹی پہاڑی کے علاقے میں پولیس کے چھاپے کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کا کارندہ محفوظ اللہ عرف بھالو مارا گیا۔ وہ قتل، لوٹ مار، اغواسمیت 100 وارداتوں میں ملوث تھا۔ پولیس نے اسلحہ اور بم برآمد کرکے بھالو کے 2ساتھی حراست میں لے لئے۔ قبل ازیں لیاری کے علاقے کلری میں پولیس مقابلے کے دوران شکیل بادشاہ گروپ کا کمانڈر علی عرف جھٹ پٹ میمن گوٹھ میں لوٹ مار کرنیوالے 2ڈاکو مارے گئے۔ علاوہ ازیں رات گئے نیو کراچی میں انڈہ موڑ کے قریب مٹھائی کی دکان پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہو گئے۔