پی آئی اے کے اکائونٹ سے 23 ہزار یورو کی مبینہ خورد برد کا انکشاف
کراچی(این این آئی) پی آئی اے کے اکائونٹ سے 23 ہزار یورو کی مبینہ خورد برد کا انکشاف ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے میں بدعنوانی اور بے قاعدگیاں اپنے عروج پر پہنچ گئیں ہیں، ایک کے بعد ایک بدعنوانی کا واقعہ سامنے آ رہا ہے۔پی آئی اے میں 23 ہزار یورو کی مبینہ بدعنوانی کے حوالے سے مختلف ایجنٹوں کی جانب سے لکھی گئی ای میل اور ٹکٹ کی کاپیاں منظرعام پر آگئی ہیں۔ذرائع کے مطابق بارسلونا اور میلان کے کنٹری منیجرنے اپنی پوسٹنگ کے دوران پی آئی اے کے اکائونٹ سے 23ہزار یورو کی خورد برد کی ہے۔فنانس منیجرکی جانب سے رقم طلب کرنے پر چیف کمرشل آفیسر کے منیجر کورآڈی نیشن نے مختلف ایجنٹوں سے بطور قرض لے کر 23 ہزار یورو جمع کرادیئے، مختلف ایجنٹوں کو قرض کی رقم واپس نہ کرنے کے عوض انہوں نے 180 سے زائد ٹکٹس مفت دے دیئے۔ذرائع نے بتایاکہ یورپ کے مختلف ایجنٹوں نے رقم کی واپسی کے حوالے سے چیئرمین پی آئی اے کو خطوط اور ای میل بھی ارسال کیں تاہم اب تک کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔مذکورہ ٹوور آپریٹرچیف کمرشل آفیسر کے منیجر کورآڈی نیشن ہیں جس کے باعث ان کو بچانے کیلئے چیف کمرشل آفیسرکی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی۔