میر شکیل کو انٹرپول کے ذریعے واپس لانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر، سول جج گلگت نے شائستہ لودھی، وینا ملک، اسد خٹک کو بھی اشتہاری قرار دیدیا
اسلام آباد+ گلگت (نمائندہ نوائے وقت+ نوائے وقت نیوز) جنگ میڈیا گروپ کے مالک میرشکیل الرحمن کو انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لانے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست میں الزام ہے کہ میر شکیل و دیگر گلگت بلتستان کی خصوصی عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد بیرون ملک فرار ہو گئے ہیں۔ درخواست گزار نے سزا یافتہ ہونے کے بعد میر شکیل کے اخبار اور ٹی وی چینل کے لائسنس منسوخ کرنے کی بھی استدعا کی ہے، درخواست میں وفاق، سیکرٹری اطلاعات، وزیراعظم، میر شکیل الرحمان، شائستہ واحدی، وینا ملک و دیگر کو فریق بنایا گیا۔ دوسری جانب گلگت کے سینئر سول جج نے میر شکیل الرحمٰن، شائستہ لودھی، وینا ملک اور اسد کو اشتہاری قرار دے دیا۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ 26 دسمبر کو پیش نہ ہونے پر یکطرفہ فیصلہ سنا دیا جائے گا۔