پنجاب حکومت کی مخالفانہ کارروائیوں کا شدید ردعمل سامنے آئیگا‘ نعیم الحق
اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) پنجاب حکومت نے حسب روایت تحریک انصاف کے 2 نومبر کے احتجاج سے پہلے پورے پنجاب میں تحریک کے کارکنوں میں خوف و ہراس پیدا کرنا شروع کر دیا ہے پنجاب پولیس کی پرتشدد پالیسی اس سے پہلے بھی مختلف اوقات میں عیاں ہو چکی ہے۔ یہ بات پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب پولیس نے روزانہ کی بنیاد پر تحریک کے کارکنوں کے گھروں پر اور راولپنڈی اسلام آباد کے ہوٹلوں پر چھاپے مارنے شروع کر دیئے ہیں۔ تحریک انصاف پنجاب حکومت کو متنبہ کرتی ہے کہ اگر اس نے اس قسم کی کارروائیاں نہ روکیں تو اس کا شدید رد عمل سامنے آئے گا جس کا نقصان سراسر حکومت کو پہنچے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ 2 نومبر کو پورے ملک سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہونگے۔