کے پی کے حکومت کے 24 مطالبات‘ چیئرمین سینیٹ کا کمیٹیوں کی سفارشات پر عدم اطمینان
اسلام آباد(خبر نگار خصو صی) صوبائی حکومت خیبر پختونخوا کے 24 مطالبات کے حوالے سے تشکیل دی جانے والی سپیشل کمیٹی کا اجلاس کنونیئر کمیٹی سینیٹر سید مظفرحسین شاہ کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا ۔ سپیشل کمیٹی کے اجلاس میں صوبائی حکومت کے 24 مطالبات کے حوالے سے معاملات کا جائزہ لیا گیا ۔ کنونیئر کمیٹی سید مظفر حسین شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت کے24 مطالبات کا جائزہ لینے کےلئے چیئرمین سینیٹ نے متعلقہ کمیٹیوںکو مطالبات بھیجے تھے۔ قائمہ کمیٹیوں نے ان مطالبات کی رپورٹ پیش کی تو چیئرمین سینیٹ نے عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سپیشل کمیٹی تشکیل دی ۔ سپیشل کمیٹی نے وفاقی حکومت ، صوبائی حکومت اور متعلقہ اداروں سے مل کرسفارشات مرتب کیں تو سینیٹر نعمان وزیر نے کچھ سفارشات پر تحفظات کا اظہار کیا ۔ سپیشل کمیٹی نے صوبائی حکومت کو سفارشات کا جائزہ لے کر جواب فراہم کرنے کی ہدایت کی مگر ابھی تک جواب موصول نہیں ہوئے۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے ایک ہفتے کی مہلت کی درخواست کی تو کنونیئر کمیٹی نے اراکین کمیٹی کی متفقہ رائے سے چیف سیکرٹری کو ایک ہفتے کے اندر سفارشات جمع کرانے کی ہدایت کر دی تاکہ اگر سفارشات میں کوئی مسئلہ ہو تو متعلقہ اداروں کے ساتھ حل کیا جا سکے ۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز سردار فتح محمد محمد حسنی ، تاج حیدراو کرنل(ر) طاہر حسین مشہدی کے علاوہ وفاقی وزیر پیٹرولیم شاہد خاقان عباسی ، چیف سیکرٹری خیبر پختوا، ممبر ایف بی آر کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔