یوٹرن خان قلابازیاںبند کریں، زرداری کرپشن کے آئن سٹائن ہیں ،مسلم لیگ ن
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وفاقی وزیر ریلوےز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ گھٹیا حکمرانی کے ذمہ دار زرداری اور عمران خان قوم کی جان چھوڑ دیں ‘ یہ دونوں اقتدار کے بھوکے ہیں ‘ ملک لوٹنا پیپلز پارٹی کا طرہ امتیاز ہے ‘ منگل کو آصف زرداری کے خطاب پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ ملک توڑنا پھر بار بار لوٹنا پیپلز پارٹی کا طرہ امتیاز ہے۔ زرداری مداری قوم تمہارے ڈرامے پہنچانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری اپنے دور میں 6 بار چین گئے مگر کسی نے منہ ہی نہیں لگایا۔ اپنے 10 سالہ دور میں زرداری پارٹی نے سندھ کو تباہ کر ڈالا۔ سعد رفیق نے کہاکہ زرداری صاحب آپ کے چہرے پر لٹیرا پرنٹڈ ہے۔ پیپلز پارٹی نے ایوبی آمریت کی کوکھ سے جنم لیا۔ ہم سندھ والوں کو بھی زرداریوں کے آسیب سے نجات دلائیں گے۔ گھٹیا حکمرانی کے ذمہ دار زرداری اور عمرا ن خان قوم کی جان چھوڑ دیں۔ جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ زرداری صاحب قوم کو آپ نے لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی دی، اس کا تو جواب دیں، آپ کے دور میں تو سی پیک کا نام بھی کسی کو نہیں پتہ تھا۔ گزشتہ روز آصف زرداری کے مالا کنڈ میں جلسے سے خطاب پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ان کے کریڈٹ پر صرف ایک چیز ہے کہ یہ جیب تراش ہیں کام صرف نوازشریف کے دور میں ہوئے ہیں۔طلال چوہدری نے کہا کہ زرداری صاحب! سندھ کے وسائل لوٹنے کا جواب دیں،5سال جس قوم کو لوٹا اس کا جواب دیں کراچی کو کوڑے کا ڈھیر بنایا اس کا جواب د یں۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے چھوٹے صوبوں کو ہمیشہ ان کے حق سے زیادہ دی زرداری صاحب کرپشن کے آئن اسٹائن ہیں۔ انہوں نے کرپشن کے نئے نئے طریقے ایجاد کیے ان کے ادوار میں کرپشن کے اسکینڈلز مشہور ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں وزےر مملکت برائے کےڈ طارق فضل چوہدری اور قومی اسمبلی کے رکن دانیال عزیز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا کے ذریعے ججوں کو دباﺅ میں لانے کی کوشش کرتی ہے،تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے فیصلے کو بالائے طاق رکھ کر اختلافی نوٹ پر سیاست شروع کردی۔ محترم ججز کے اختلافی نوٹس پر گمراہ کن پروپیگنڈہ کیا گیا۔ عمران خان نے سیاست میں گالم گلوچ متعارف کرائی،خیبرپختونخوا میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آرہی،تحریک انصاف نے پانامہ لیکس کے معاملے پر بھی بھرپور ڈرامہ کیا،تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے سڑکوں پر کھیل تماشا کیا مگر عمران خان نے اپنے صوبے کیلئے کچھ نہیں کیا،عمران لوگوں کو قتل کراکے چور دروازے سے اقتدار میں آنا چاہتے تھے۔ منگل کو پی آڈی مےں اےک پریس کانفرنس کر تے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے اپنے صوبے میں کچھ نہیں کیاہمیں خیبرپختونخوا میں کوئی تبدیلی نظر نہیں آئی۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان یہ کھیل تماشہ بند کریں۔ پوری قوم عمران خان کی رنگ بازیوں سے تنگ آچکی ہے۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ یوٹرن خان کی قلابازیوں کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے۔ رکن قومی اسمبلی دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان کے سارے کھیل تماشے ناکام ہوگئے ہےں ،جہانگیر ترین نے اپنے مالی اور خانساما کے ذریعے اپنے اثاثے چھپائے۔ عمران خان نے پاکستان کی سیاست میں انگلی کی نئی ٹرم متعارف کروائی ہے جو اس سے پہلے کبھی استعمال نہیں ہوئی،وہ اپنے دھرنے کے دوران انگلی اٹھنے کا انتظار کرتے رہے مگر انگلی نہیں اٹھی۔