چودھری نثار علی سینئر ترین مسلم لیگ رہنما اور پارٹی کے ماتھے کا جھومر ہیں
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) راولپنڈی میونسپل کارپوریشن کے میئر و پنجاب اسمبلی کے سابق رکن سردار نسیم خان نے سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا شمار مسلم لیگ (ن) کے سینئر ترین لیڈروں میں ہوتا ہے۔ لہذاٰ ان کی کسی بات کا کسی کو برا نہیں منانا چاہئے۔ وہ چٹان کی طرح مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف کے ساتھ کھڑے ہیں۔ چودھری نثار علی خان مسلم لیگ (ن) کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ ان کے اعزازسے کوئی شخص محروم نہیں کر سکتا۔ منگل کو نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چودھری نثار علی خان کی باتوں پر ہم سب کو توجہ دینی چاہئے۔ ہم چودھری نثار علی خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وہ تنہا نہیں‘ پارٹی کے دیرینہ کارکن چودھری نثار علی خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چودھری نثار علی خان ملکی سیاست میں جرات مندانہ بات کرنے کی شہرت رکھتے ہیں اور وہ اپنی قیادت کے سامنے حق سچ بات کہتے ہیں۔