وفاقی دارالحکومت میں آٹھ دن سے جاری انڈس انسٹیٹیوٹ کے طلباکا احتجاج ختم
اسلام آباد(نا مہ نگار)صوبائی وزیر کی یقین دہانی پر وفاقی دارالحکومت میں آٹھ دن سے جاری انڈس انسٹیٹیوٹ ڈیرہ غازی خان کے طلبانے احتجاج ختم کردیا ہے ،صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سید علی گیلانی نے طلباکے تمام مطالبات تسلیم کرنے اور ڈگریاں باقاعدہ تصدیق کرانے کی یقین دہانی کرادی ہے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر حافظ عبدالکریم کی زیر ملکیت ادارے میں جعلی ڈگریاں جاری کرنے کے خلاف انڈس انسٹیٹیوٹ ڈیرہ غازی خان کے طلبانے نیشنل پریس کلب کے سامنے دھرنا دیا جو کہ آٹھ دن تک جاری رہا ،احتجاجی مظاہرے میں شریک طلبانے وفاقی وزیر مواصلات اورمتعلقہ حکام کیخلاف نعرے بازی کی۔طلبہ کا کہنا تھاکہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کی جانب سے ادارے کا الحاق ختم کرنے اور ڈگریوں کی تصدیق رک جانے کے باعث 860طالب علموں کی ڈگریاں جاری نہیں ہو سکی ہیں ۔طلبہ کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیرحافظ عبدالکریم کی ملکیتی یونیورسٹی نے طلبہ کو ڈگریاں جاری کیں جو کہ جعلی ہیں اور ان کی تصدیق نہیں کرائی جارہی ہے ۔اس حوالے سے منگل کے روز ہائرایجوکیشن ڈیپارٹ پنجاب کے صوبائی وزیر سید علی گیلانی نے احتجاجی طلباسے ملاقات کی اور ان کے تمام مطالبات ماننے کااعلان کردیا ۔وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ جعلی ڈگریاں دوبارہ ایچ ای سی سے ویری فائی کراکے دیں گے،انسٹیٹیوٹ کا معاملہ وہ خود دیکھیں گے۔اس پر طلبانے احتجاج ختم کرنے کااعلان کیا ہے اور بتایا ہے کہ وہ آج بروز بدھ واپس ڈیرہ غازی خان چلے جائیں گے۔