80;کروڑ افراد بھوک کا شکار، دنیا تنازعات جنگوں کا خاتمہ کرے،اقوام متحدہ
اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں تقریباً 80 کروڑ افراد یا ہر 9 ویں شخص کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ عالمی ادارہ خوراک (ڈبلیو ایف پی) کی جانب سے جاری کردہ حالیہ رپورٹ کے مطابق2009ءسے 2016ءتک کے خوراک کی فراہمی کی لاگت 2 ارب 20 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 5 ارب 30 کروڑ ڈالر( دگنی سے زیادہ) ہو چکی ہے۔اخراجات کا تقریباً 70 فیصد حصہ مشرق وسطیٰ اور افریقہ میں صرف ہوتا ہے۔ ان علاقوں میں تنازعات کے باعث کئی لوگ بے گھر ہو چکے ہیں جس کی وجہ سے انہیں خوراک کی قلت کا سامنا ہے۔ادارے کے مطابق صرف خوراک کی لاگت ہی نہیں بلکہ تنازعات کے شکار علاقوں میں خوراک کی بحفاظت ترسیل کے اخراجات بھی بڑھ رہے ہیں۔عالمی ادارہ خوراک کے مینیجنگ ڈائریکٹر ڈیوڈ بیزلے کا کہنا ہے کہ بھوک کے خاتمے کی جانب پیشرفت کے لیے دنیا کو جاگنے اور تنازعات اور جنگوں کے خاتمے کی ضرورت ہے۔