جنوبی ایشیا کا امن مسئلہ کشمیر سے وابستہ ہے کشمیری رہنما ظفر اکبر دورہ پاکستان پر پہنچ گئے
اسلام آباد (صباح نیوز) ممتاز حریت رہنماء اور جموں کشمیر سالویشن موومنٹ کے سربراہ ظفر اکبر بٹ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اس وقت تاریخ کے انتہائی نازک اور اہم موڑ پر ہے۔ جنوبی ایشیاء کا امن مسئلہ کشمیر سے وابستہ ہے۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ وہ منگل کو یہاں مقبوضہ کشمیر سے پاکستان آمد پر اپنے اعزاز میں دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کررہے تھے۔، اکبر بٹ نے کہا کہ اقوام عالم اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی بھارتی ظلم و جبر پر خاموشی تشویشناک ہے۔ پاکستان بھارت مذاکرات کے مخالف نہیں لیکن مسئلہ کشمیر کو سبوتاژ کر کے دونوں ملکوں کے درمیان مذاکراتی عمل محض وقت کا ضیاع ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اصل فریق کشمیری قوم ہے کشمیری قیادت کو فریق اول کے طور پر شامل کیے بغیر مسئلہ کا حل ناممکن ہے۔ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار دینا ہے۔