کوہلو: فا ئرنگ‘ 2 لیویز اہلکارشہید‘ ڈیرہ بگٹی: بارودی سرنگ دھماکہ‘ 5 افراد زخمی
کوئٹہ + ڈیرہ بگٹی (نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) بلوچستان کے علاقے کوہلو میں نامعلوم مسلح افراد نے پہاڑوں سے فائرنگ کرکے 2 لیویز اہلکاروں کو شہید کر دیا جبکہ ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 5 افراد زخمی ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز کوہلو کے علاقے کاہان میں لیویز اہلکار گشت کر رہے تھے‘ نزدیکی پہاڑوں سے نامعلوم مسلح افراد نے ان پر اندھادھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں لیویز کانسٹیبل شیرو اور لیویز کانسٹیبل خدا بخش موقع پر دم توڑ گئے۔ حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ مقامی انتظامیہ نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کر دی۔ ادھر لیویز ذرائع کے مطابق دھماکہ ڈیرہ بگٹی میں سوئی سے پٹ جانے والی پک اپ کے بارودی سرنگ سے ٹکرانے سے دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی کیلئے مقامی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔