قندیل بلوچ کی بہن شہناز بھی زیرحراست، کزن حق نواز نے گرفتاری دیدی، وسیم کا مزید 3 روزہ ریمانڈ
ملتان (کرائم رپورٹر‘ سپیشل رپورٹر) پولیس کی خصوصی ٹیم نے قندیل بلوچ قتل کیس کے مرکزی ملزم وسیم کا تین روزہ ریمانڈ حاصل کرکے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے گزشتہ روز قتل میں ملوث وسیم کے کزن حق نواز نے تھانہ شاہ صدر دین پولیس کو گرفتاری دے دی جس کے بعد ملزم کو تفتیش کے لئے ملتان پولیس کے حوالے کر دیا گیا جبکہ پولیس نے مقتولہ قندیل کی بہن شہناز عظیم کو بھی حراست میں لے لیا ہے ذرائع کے مطابق شہنا عظیم پورے خاندان میںقندیل بلوچ کے سب سے زیادہ قریب تھی جبکہ قندیل بلوچ نے شہناز عظیم کو بیوٹیشن کا کورس بھی کر وایا تھا اور کچھ عرصہ قبل شہناز کی شادی جاوید نامی شخص سے ہوئی تھی ادھر جوڈیشل مجسٹریٹ ملتان سرفراز انجم نے قندیل بلوچ قتل کیس میں ملوث ملزم بھائی کا دوبارہ تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کا حکم دیا ہے اس سلسلے میں گزشتہ روز انچارج ہومی سائیڈ سرکل تھانہ مظفر آباد کی جانب قندیل بلوچ کے قتل میں ملوث ملزم بھائی وسیم کو عدالت پیش کیا گیا پولیس کے مطابق ملزم کا ڈی این اے اور پولی گرافک ٹسٹ کرایا گیا ہے جس میں ملزم سے حاصل کردہ شواہد کی بناء پر تفتیش کی تکمیل کرنی باقی ہے اس لئے ملزم کا مزید جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کا حکم دیا جائے۔