رائیونڈ: مکان کا تنازع حل نہ ہو سکا، پولیس نے تحویل میں لے لیا، قبضہ کی کوشش پر ملزموں کیخلاف مقدمہ درج
رائے ونڈ (نامہ نگار) مکان کا تنازع حل نہ ہو سکا۔ پولیس نے عدالتی فیصلہ آنے تک مکان تحویل میں لے لیا۔ یو سی بابلیانہ کے علاقہ سلامت پورہ میں ہارون نے ساتھیوں سے مل کر مکان پر قبضہ کی کوشش کی جس پر مالک مکان رمضان نے پولیس کو طلب کر لیا۔ پولیس نے ملزموں کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔ گذشتہ روز پولیس اور محکمہ مال کی انکوائری ٹیم موقع پر پہنچی تو رمضان نے کاغذات ملکیت دکھائے۔ مالک مکان کا کہنا ہے کہ اس نے ہارون کو کرایہ دار بٹھایا تھا لیکن اس نے جعلی اسٹامپ تیار کر لیا جس پر اس کے دستخط جعلی ہیں۔ چیئرمین حاجی افضل خان نے کہا کہ انہوں نے کئی بار یہ معاملہ پنچائتی طور پر نمٹانے کی کوشش کی لیکن ہارون کے رشتہ دار اس کی سیاسی ساکھ متاثر کر رہے ہیں۔ واقعہ میں زخمی نوجوان عرفان نے میڈیکل لیگو حاصل کر لیا۔