نجکاری کی بجائے بجلی، آئل اینڈ گیس اور محکمہ ریلوے کی اصلاح کی جائے: خورشید احمد
لاہور (نیوزرپورٹر) ملک کی تمام سیاسی جماعتیں فروعی اختلافات ختم کرکے قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل کے لئے قائداعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق اسلامی فلاحی مملکت کے مقاصد کی تکمیل کرائیں جس سے سماج میں بچوں کی جبری مشقت کا خاتمہ ہو ۔ قومی صنعتیں بجلی، آئل اینڈگیس، ریلوے وغیرہ میں انتظامی اصلاحات کے نفاذسے ان کی کارکردگی میں اضافہ کرکے اس کی نجکاری نہ کی جائے حکومت کو کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کے تلخ تجربہ سے سبق سیکھ کر محکمہ بجلی کی منافع بخش کمپنیوں اسلام آباد، فیصل آباد، گوجرانوالہ، لاہور کو آئی ایم ایف و ورلڈ بینک کے دبائو پر نجکاری کے ذریعے سیٹھوں کے حوالے نہیں کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار بختیار لیبرہال میں سی بی اے کے زیراہتمام تقریب کے موقعہ پر بزرگ مزدور راہنماء خورشیداحمد مرکزی جنرل سیکرٹری یونین نے شرکاء کو خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماہ رمضان المبارک کی رحمتوں سے استفادہ حاصل کرتے ہوئے اپنی زندگی اعلٰی اخلاق اور تقوی پر بسر کرنی چاہئے۔