ڈی سی لاہور کا گندم خریداری مراکز کا دورہ
لاہور (خبر نگار) ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید نے شہر میں گندم خریداری کیلئے قائم کیے گئے مراکز کا دورہ کیا۔ انہوں نے کاہنہ اور رائے ونڈ میں قائم گندم خریداری مراکز پر کئے جانے والے انتظامات کا معائنہ کیااورباردانہ کے اجراء کے لئے کسانوں کی طرف سے جمع شدہ درخواستوں کے رجسٹر کا بھی جائزہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سمیر احمد سید نے کہا کہ کل سے باقاعدہ باردانہ کا اجراء شروع کر دیا جائے گا۔ ڈی سی نے کہا کہ گندم کی شفاف طریقے سے خریداری اور باردانہ کی منصفانہ تقسیم کے حوالے سے تمام تر ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور گندم خریداری سنٹرز پر آنیوالے کسانوں کے لئے پانی، ٹینٹ، بیٹھنے کاا نتظام، پنکھے اور واش روم جیسے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ ڈی سی نے رائیونڈ گندم خریداری مرکز پر کسانوں کو خود فون کر کے انتظامات کے بارے میں بھی دریافت کیااور کہا کہ کسانوں کو گندم خریداری مراکز پربلا امتیاز تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔