سود اللہ سے جنگ ہے، ختم کئے بغیر معیشت بہتر نہیں ہوسکتی: میاں جمیل
لاہور (خبر نگار) سود اللہ سے اعلان جنگ ہے، ختم کئے بغیر معیشت بہتر نہیں ہوسکتی۔ ان خیالات کا اظہار تحریک دعوت توحید کے مرکزی قائد میاں محمد جمیل نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جب اللہ کے احکامات کے سر تسلیم خم نہیں کریں گے تب تک مشکلات سے نہیں نکل سکتے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں جہاں جہاں بھی سودی نظام رائج ہے وہاں وہاں معیشت زنجیروں میں جکڑی ہوئی ہے۔ میاں محمد جمیل نے کہا کہ جس طرح ایک فرد یا خاندان اگر سودی کاروبار میں ملوث ہے تو معاشی حالات کبھی بھی بہتر نہیں ہوسکتے۔ اسی طرح اجتماعی اور ملکی حالات بھی سودی نظام سے نجات حاصل کئے بغیر نہیں سدھر سکتے۔ میاں جمیل نے کہا کہ جب اللہ نے کہا ہے کہ سودی کاروباری اللہ اور اسکے رسولؐ کیخلاف اعلان جنگ ہے تو پھر ایسی جنگ میں تو انسان کی معاشی، سماجی، سیاسی، مذہبی اور زندگی کی ہلاکت ہی ہے۔