ڈیرہ مراد جمالی: ٹریک پر بم دھماکہ‘ جعفر ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی
نصیر آباد+کوئٹہ + ڈیرہ بگٹی (این این آئی+بیورورپورٹ) ڈیرہ مراد جمالی ریلوے سٹیشن کے قریب ریلوے ٹریک پر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں راولپنڈی جانے والی جعفر ایکسپریس حادثے سے بال بال بچ گئی۔ ریلوے حکام کے مطابق جعفر ایکسپریس جب ڈیرہ مرادجمالی ریلوے سٹیشن کے قریب پہنچی تو ٹریک کے نیچے رکھا گیا دھماکہ خیز مواد زوردار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دھماکہ ہوا تو ٹرین کا انجن دھماکے کے مقام سے گزر چکا تھا تاہم ڈرائیور نے بریک لگا کر ٹرین کو روک لیاجبکہ دھماکے سے ریلوے ٹریک کا ایک فٹ حصہ متاثر ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔دھماکے کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا۔کوئٹہ کے علاقے رئیسانی روڈ پر موٹرسائیکل سوار مسلح افراد کی فائرنگ سے ٹریفک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا۔ ڈیرہ بگٹی میں موٹر سائیکل بارودی سرنگ سے ٹکرا نے سے دو افراد زخمی ہوگئے ۔ضلع کیچ کے علاقے تربیت کے میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر فائرنگ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کوئٹہ کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی 5 کلو وزنی بم برآمد کرکے ناکارہ بنا دیا گیا۔ حب کے علاقے میں ایف سی اور حساس ادارے کی کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔