چوہدری نثار کا نیوز لیکس تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر لانے کا اصولی فیصلہ
اسلام آباد (محمد نواز رضا/وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما چوہدری نثار علی خان نے نیوز لیکس پر تحقیقاتی رپورٹ منظر عام پر لانے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے۔ وہ اس سلسلے میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور پارٹی کے صدر محمد نواز شریف سے ملاقات کرکے نیوز لیکس پر تحقیقاتی رپورٹ جاری کرنے کی اجازت مانگیں گے۔ ذرائع کے مطابق چوہدری نثار علی خان نے آئندہ چند دنوں میں ملکی سیاست میں پروایکٹو رول ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ پچھلے کئی دنوں سے مختلف ایشوز پر خاموش دکھائی دے رہے تھے لیکن اب انہوں نے کھل کر سیاست کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وہ پارٹی لیڈر کے ساتھ وفاداری پر آنچ آنے دیں گے اور نہ ہی پارٹی چھوڑیں گے بلکہ پارٹی کو نقصان پہنچانے کے درپے عناصر کا سختی سے تعاقب کریں گے۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماؤں کی اکثریت چوہدری نثار علی خان کے نکتہ نظر کی حامی ہے اور وہ پارٹی کو ریاستی اداروں سے تصادم کے حق میں نہیں۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن میں چند عناصر چوہدری نثار علی خان کو مشتعل کرکے انہیں انتہائی اقدام کرنے پر مجبور کررہے ہیں۔چوہدری نثار علی خان یہ بات سمجھتے ہیں ان عناصر کو میاں نواز شریف کی آشیرباد حاصل نہیں وہ چوہدری نثار علی خان کی 33 سالہ رفاقت میں ان کے سیاسی کردار کے معترف ہیں۔ ذرائع کے مطابق سینٹر پرویز رشید کے حالیہ بیانات کا پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے نوٹس لیا ہے اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت کو اس معاملہ میں مداخلت کرنے کیلئے کہا ہے۔