حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ایمرجنسی کا اعلان کرے، ڈاکٹر عبدالقدیر

لاہور (نیوزرپورٹر)معروف ایٹمی سائنسدان و چیئرمین ڈ اکٹر اے کیو خان ہسپتال ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ غریب عوام کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں تاکہ ان کو صحت سے متعلق مسائل میں کمی لائی جا سکے جبکہ پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں کھڑا کرنے کے لئے تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔ حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ایمرجنسی کا اعلان کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال شوکت ورک کی قیادت میں میڈیکل وفد سے ملاقات کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسائل سے مالا مال ہے لیکن بدقسمتی سے ان وسائل سے آج تک استفادہ نہیں کیا گیا۔ مخیر حضرات کی مدد سے پاکستان میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔