بلوچ نیشنل فرنٹ کا 5 سے11 مئی تک پہیہ جام ہڑتال کرنے کا فیصلہ

کوئٹہ (ثناءنیوز) بلوچستان میں پارلیمانی سیاست کی مخالف اور سخت گیر موقف رکھنے والی بلوچ قومیت پرست جماعتوں کے اتحاد بلوچ نیشنل فرنٹ نے پانچ مئی سے گیارہ مئی تک بلوچستان میں شٹر ڈاﺅن اور پہیہ جام ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔فرنٹ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ فرنٹ کے مرکزی کونسل کے اجلاس میں کیا گیا جوکہ فرنٹ کے چیئرمین ڈاکٹر منان بلوچ کی صدارت میں ہوا۔بیان میں اس بات کا تذکرہ نہیں کیا گیا کہ یہ اجلاس کہاں ہوا تاہم اس کا مقصد پارلیمانی سیاست اورانتخابات کو ناکام بنانا بتایا گیا ہے۔ بلوچ نیشنل فرنٹ کی جانب سے انتخابات کے موقع پر ایک ہفتے کی طویل شٹر ڈان اور پہیہ جام ہڑتال کے فیصلے سے بلوچستان کے بعض علاقوں میں انتخابات متاثر ہوسکتے ہیں۔ انتخابات کے موقع پر ایک ہفتے تک پہیہ جام اور شٹر ڈاﺅن ہڑتال کے فیصلے کے علاوہ بلوچ نیشنل فرنٹ کی جانب سے نیوز چینلز کا بائیکاٹ بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیاہے۔فرنٹ نے دو ماہ قبل نیوز چینلز کے بائیکاٹ کا اعلان کیا تھا۔
بلوچ نیشنل فرنٹ