سوئی ناردرن کی جانب سے شجر کاری مہم کا آغاز

لاہور(نیوزرپورٹر)سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی جانب سے شجر کاری مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ حکومتِ پاکستان کے موجودہ وژن کے مطابق جنگلات کی تعداد میں اضافہ ، کاربن اخراج میں کمی اور ماحولیاتی تبدیلی کے باعث بڑھتی مشکلات پر قابو پایا جا سکے۔ سوئی ناردرن گیس اس ضمن میں ورلڈ وائڈ فنڈ فار نیچر (WWF) کے تعاون سے سوئی ناردرن گیس کے متعدد دفتروں اور محکمہ جنگلات کی جانب سے مختص شدہ جگہ پر تقریباََ 1لاکھ کے قریب درخت اور پودے کاشت کرے گی۔ سوئی ناردرن گیس ہر سال 1لاکھ سے زائد درخت کاشت کرے گی تاکہ ملک میں ماحول دوست کلچر کو یقینی بنایا جا سکے۔شجر کاری مہم کے سلسلے میں پاکستان کے ماحول سے مطابقت رکھنے والے درخت جیسا کہ شیشم، نیم، پیپل، کیکر اور دیگر درخت کاشت کئے جائیں گے تاکہ کاربین کے اخراج پر کنٹرول کے ساتھ ساتھ لوگوں کے لئے ٹھنڈی چھاوں، پروندوں کے لئے گھونسلے اور دوائیوں کے لئے جڑی بوٹیوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔