علی ظفر نے کئی بار جنسی طور پر ہراساں کیا، میشا شفیع کا الزام: سختی سے تردید کرتا ہوں، عدالت جاﺅں گا: گلوکار

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) گلوکارہ، ماڈل اور اداکارہ میشا شفیع نے معروف گلوکار و اداکار علی ظفر پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں میشا شفیع نے کہا میں نے بولنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ میرا ضمیر مجھے مزید خاموش رہنے کی اجازت نہیں دیتا، اگر ایسا کچھ میرے جیسے کسی فرد یعنی ایک معروف آرٹسٹ کے ساتھ ہوسکتا ہے تو پھر کسی بھی نوجوان لڑکی کے ساتھ ایسا ہوسکتا ہے جو انڈسٹری میں آگے بڑھنا چاہتی ہے اور اس نے مجھے بہت زیادہ فکرمند کردیا ہے۔ انہوں نے مزید لکھا مجھے اپنے انڈسٹری کے ایک ساتھی علی ظفر کے ہاتھوں ایک سے زائد بار جسمانی طور پر جنسی ہراساں ہونے کا سامنا ہوا۔ یہ واقعات اس وقت نہیں ہوئے جب میں نوجوان تھی یا انڈسٹری میں نئی تھی۔ ایسا اس وقت ہوا جب میں ایک کامیاب خاتون بن چکی تھی جو کہ اپنے خیالات بیان کرنے کے لیے جانی جاتی تھی، ایسا میرے ساتھ اس وقت ہوا جب میں 2 بچوں کی ماں بن چکی تھی۔ علی ظفر نے ایک بار نہیں کئی بار جنسی طور پر مجھے ہراساں کیا۔ میشا شفیع نے کہا علی ظفر نے اپنے رویئے سے مجھے دھوکہ دیا جس کے سبب مجھے اور میری فیملی کو صدمے کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب گلوکار اور اداکار علی ظفر نے کہا میں میشا کے الزامات کی سختی سے تردید کرتا ہوں، میشا شفیع کیخلاف عدالت جاﺅں گا، یقین رکھتا ہوں سچ ہمیشہ غالب ہوتا ہے۔ گلوکار فخر عالم نے میشا شفیع کے الزامات پر ٹویٹ میں کہا ہے کہ کیا طیفا واقعی مصیبت میں ہے؟ کہیں یہ شہرت حاصل کرنے کا سستا طریقہ تو نہیں؟ مجھے امید ہے یہ شہرت حاصل کرنے کا سستا طریقہ ہے۔

میشا شفیع