سنار کہہ چکا ہار بینظیر کی ملکیت نہ تھا زرداری کے سوئس حکام کو خط کی بات بلاجواز ہے: فرحت بابر کا مئوقف

لاہور (خصوصی رپورٹ) پیپلزپارٹی کے کو چیئرپرسن آصف علی زرداری کے ترجمان سینیٹر فرحت اللہ بابر نے محترمہ بے نظیر بھٹو کی جیولری کی واپسی کیلئے وکیل کے ذریعے بے نام سوئس حکام کو لکھے گئے مبینہ خط کے متن کے حوالے سے میڈیا نمائندوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جیولری طلب کئے جانے پر سنار نے سوئس مجسٹریٹ کے روبرو یہ تسلیم کرنے سے انکار کر دیا تھا کہ یہ ہار محترمہ بے نظیر بھٹو کا ہے اور مجسٹریٹ نے جیولر کے مئوقف کے بعد درخواست کو رد کر دیا تھا جب جیولر کی طرف سے جیولری محترمہ کی ہونے کے متعلق پہلے ہی انکار کیا جا چکا ہے اب یہ کہنا ہی بلاجواز ہے کہ محترمہ کی جیولری کی واپسی کیلئے آصف علی زرداری نے کسی قسم کا کوئی خط لکھا، مزید برآں گذشتہ کئی سالوں سے جب سے سوئس کیس اپنے انجام کو پہنچا ہے آصف علی زرداری کا سوئٹزر لینڈ میں کوئی سوئس وکیل ہی نہیں ہے، یہ محض الزام ہے کہ آصف زرداری کی طرف سے بے نام سوئس حکام کو کوئی خط لکھا گیا ہے۔