خبردار! آج یکم اپریل ہے، کوئی آپ کو بے وقوف بنانے کی کوشش نہ کرے

لاہور/اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نامہ نگاران + اے پی اے) خبردار، ہوشیار! آج یکم اپریل ہے کوئی آپ کو بے وقوف بنانے کی کوشش نہ کرے۔ ہر سال اس تاریخ کو لوگ ایک دوسرے کو بے وقوف بنانے کیلئے مذاق کرتے ہیں اور کئی بار ایسے مذاق جان لیوا بھی ثابت ہوتے ہیں۔  ایسا کیا جانے والا مذاق عمر بھر کے صدمے کا باعث بھی بن جاتا ہے۔ یکم اپریل کے موقع پر اخبارات میں خصوصی آرٹیکل شائع ہوں گے جبکہ الیکٹرانک میڈیا سے نشر ہونیوالے پروگراموں کے ذریعے عوام کو خبر دار کیا جائے گا کہ وہ اس روز آنیوالی کسی بھی خبر پر یقین سے پہلے اس کی تصدیق ضرور کریں۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق آج کے دن کسی قسم کا سنگین مذاق کسی کیلئے خطرناک بھی ہوسکتا ہے لوگوں کو چاہئے وہ آج کے دن مذاق میں بھی کسی سے جھوٹ نہ بولیں۔ پپلاں سے نامہ نگار کے مطابق علما کرام نے اپریل فول منانے کو غیر شرعی قرار دیتے ہوئے کسی بھی فرد کی اس مذموم حرکت کو سخت منع کیا ہے۔  علاوہ ازیں مرکزی جمعیت اہل حدیث پنجاب کے امیر پروفیسر حافظ عبدالستار حامد نے اپریل فول کی رسم کو غیراسلامی، سچ کے منافی اور خطرناک تہوار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کفار کے رسم و رواج اپنا لینا انکی مشابہت اختیار کر لینے کے مترادف ہے جو کہ شرعاً منع ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’اپریل فول‘‘ کے حوالے سے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپریل فول کی بنیاد جھوٹ پر ہے جبکہ جھوٹ بولنے والے پر اللہ نے لعنت فرمائی ہے۔ انہوں نے کہا اپریل فول منانا مسلمان کے لیے دنیا و آخرت میں خسارے کے علاوہ کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا اسلام نے غیر مسلموں کے تہواروں میں شرکت کرنے والوں کی سرزنش کی ہے۔