تبلیغی جماعتوں میں سکریننگ کا فیصلہ کرونا کی روک تھام کیلئے کیا :چیف سیکریٹری
لاہور( سپیشل رپورٹر) صوبہ میں کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے تبلیغی اجتماعات کے شرکا ء کو انہی اضلاع میں میں رکھا جائے جہاں وہ موجود ہیں اورتبلیغی جماعتوں میں شامل تمام ملکی و غیر ملکی افراد کی سکریننگ کی جائے۔چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے یہ ہدایت کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ ، لاک ڈائون کے باعث تعلیمی نقصان کے ازالے اور انتظامی امور کے جائزے کیلئے منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، آئی جی پنجاب پولیس اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ تبلیغی جماعتوں میں شامل افراد کی سکریننگ کا فیصلہ کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے کیا گیا ہے، سکریننگ کے بعد جن افرادمیں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آئیگا انکو قرنطینہ میں رکھا جائے گا۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے بتایا کہ تمام اضلاع میں ہسپتالوں کیلئے پرسنل پروٹیکشن اکویپمنٹ (PPE) بھجوا دیا گیا ہے۔