جیل بھرو تحریک، چوتھے روز بھی کوئی گرفتار نہ ہوا، بکے نہیں، تھکے نہیں کے نعرے
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یا رسول اللہ کے قائد ڈاکٹر اشرف آصف جلالی کی قیادت میں کارکن جیل بھرو تحریک کے چوتھے دن بھی گرفتاریاں پیش کرنے کے لئے پنجاب اسمبلی کے سامنے فیصل چوک میں پہنچے۔ رہنما اور کارکن چار بجے تک وہاں موجود رہے، تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، اس دوران شرکاء لبیک یا رسول اللہؐ اور ہم تھکے نہیں ہیں۔ ’’ یا نبی ‘‘ہم بکے نہیں ہیں، ’’یا نبی‘‘ ہم رکے نہیںہیں، ’’یا نبی‘‘ کے نعرے لگا تے رہے۔ اس موقع پر محمد مدثر خالد ہجویری کی قیادت میں وکلاء نے بھی جیل بھرو تحریک کی حمایت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر اشرف آصف جلالی نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں اور روزانہ اپنے آپ کو گرفتاریوں کے لئے پیش کرکے عاشقان رسولؐ ایک نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ ان عاشقان رسولؐ نے مادہ پرستی کے دور میں ثابت کر دیا تحفظ ختم نبوت ہمیں ہر چیز سے زیادہ عزیز ہے۔ ابھی ختم نبوت کا مسئلہ جوں کا توں ہے اور ختم نبوت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء انصاف کے منتظر ہیں۔