قومی ایئر لائن کی ترقی، ملازمین کی فلاح کیلئے تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائینگے: اشتیاق لون
لاہور(خبر نگار)پی آئی اے سینئر سٹاف ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدیدران کے اعزاز میں ڈسٹرکٹ مینیجر پی آئی اے عمر دراز اعوان نے استقبالیہ دیا۔ اس موقع پر عمر دراز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ نئے منتخب ہونے والے افسران کے نمائندوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان کے ساتھ مل کر قومی ایئر لائن کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے ساتھ ساتھ ماضی میں کی گئی زیادتیوں کے ازالہ میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بطور ممبر سینئر سٹاف ایسوسی ایشن کی مثبت سرگرمیوں کی بھر پور حمایت کریں گے ۔ انہوں نے لاہور کے تمام مینیجرز کی جانب سے ایسوسی ایشن کے عہدیدران کو اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینئر سٹاف ایسوسی ایشن کے صدر اشتیاق لون نے کہا کہ پی آئی اے افسران نے ہمیں منتخب کر کے ہمارے کندھوں پر بھاری ذمہ داری سونپ دی ہے اور ہماری ہر ممکن کوشش ہو گی کہ ہم اپنی ایئر لائن اور افسران کی ترقی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو استعمال کریں۔