ڈمپر ٹرکوں‘ ٹرالرز سے ہونیوالے حادثات کی روک تھام کیلئے 15 روزہ مہم کا آغاز
لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان کی ہدایت پر پنجاب کے تمام اضلاع میں ڈمپر ٹرکوں اور ٹرالرز کے باعث ہونے والے ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے 15روزہ خصوصی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ جس کے دوران تمام اضلاع میںصوبہ پنجاب اور دوسرے صوبوں سے رجسٹرڈ ڈمپر ٹرکوں/ آئل ٹینکر/ ٹریلر کے کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
اور فٹنس سرٹیفکیٹ، روٹ پرمٹ، ڈرائیوروں کے پاس ڈرائیونگ لائسنس کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا اور کاغذات نامکمل یا نہ ہونے کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے ڈرائیورز اور مالکان کے خلاف مقدمات بھی درج کئے جائیں گے۔ یہ حکم تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ انچارج ٹریفک اور سی ٹی اوز کو دیا گیا۔