حکومت بڑے ڈیموں کی تعمیر پر فوری ریفرنڈم کرائے: پولٹری ایسوسی ایشن
لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین عبدالباسط نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے لیے اتفاق رائے کا شوشہ انڈین لابی کے چند گنے چنے مفاد پرست عناصر نے ڈال رکھا ہے حکومت اس چکر سے نکلے اور آبی ماہرین کی مشاورت سے بڑے ڈیم پر ریفرینڈم کی داغ بیل ڈالے منفی پرو پیگنڈے کے غبارے سے ہوا نکل جائے گی ۔انہوںنے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان جب بھی اپنی بقا اور ترقی کے لیے کوئی بڑا قدم اٹھانے لگتا ہے بعض عالمی طاقتیں اور ان کے آلہ کار شور مچانے لگتے ہیں عبدالباسط نے کہا ہے کہ ایٹمی دھماکہ کرنے اور ایٹمی طاقبت بننے سے قبل انہی طاقتوں اور ان کے حاشیہ برداروں نے عالمی امن تباہ ہونے کے اندیشوں کے شور سے پاکستان پر خوف کا ماحول طاری کرنے کی کوشش کی لیکن محمد نواز شریف نے ایسی دھمکیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے عوام کی آواز پر لبیک کہا. عبدالباسط نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم پاکستان کی خوشحالی کا ضامن منصوبہ ہے جس کی تعمیر پاکستانی عوام کا حق ہے ۔امریکہ انڈیا کو مضبوط و طاقتور بنانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھتا امریکی صدر بارک اوباما کے حالیہ دورہ کے دوران دونوں ملکوں کے مابین بھاری بھرکم معاہدوں کے ذریعے بھارت کا دماغ آسمان تک پہنچا دیا گیا ہے ۔ اس لیے میاں محمد نواز شریف اس ڈیم پر کام شروع کرائیں رہتی دنیا تک پاکستان خوشحال اور وزیر عظم پاکستان کا کارنامہ چمکتا رہے گا۔