اسلام آباد/ فیصل آباد (نامہ نگاران/ اے پی پی) عید کے بعد کئی شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12سے 14گھنٹے ہو گیا جبکہ موسم گرم ہونے سے بجلی کی طلب بڑھ گئی‘ شارٹ فال 2258میگاواٹ تک پہنچ گیا۔ بچے بوڑھے اور خواتین پریشان ہو گئے‘ مچھروں نے نیند حرام کر دی‘ کاروبار پر بھی بُرا اثر پڑ رہا ہے‘ مریضوں کو بھی مسائل کا سامنا ہے‘ شہریوں نے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ بجلی بندش کیخلاف شہریوں نے موچھ پریس کلب کے سامنے زبردست احتجاج کیا جبکہ فیصل آباد کے تاجروں نے بجلی کے نرخوں میں 6فیصد متوقع اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سمری منظور نہ کریں۔ وفاقی وزارت پانی و بجلی کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار 13517میگاواٹ جبکہ طلب 15775میگاواٹ ریکارڈ کی گئی۔ اس طرح قومی پاور سسٹم کو 2258میگاواٹ کے شارٹ فال کا سامنا ہے۔ وزارت پانی و بجلی کے مطابق 660میگاواٹ بجلی کراچی الیکٹرک سپلائی کمپنی (کے ای ایس سی) کو بھی سپلائی کی گئی ہے۔
علی امین گنڈا پور کی ’’سیاسی پہچان‘‘ اور اٹھتے سوالات
Apr 25, 2024