عید ایام میں تفریحی مقامات کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی: امین وینس
لا ہور (نامہ نگار) سی سی پی او لاہور کیپٹن(ر) محمدامین وینس اورڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹرحیدراشرف نے عید کے تینوں روز شہرکے مختلف پارکوں اور مارکیٹوں کا دورہ کیا اور سیکورٹی معاملات کا جائزہ لیا ۔کیپٹن ر محمدامین وینس اورڈاکٹرحیدراشرف نے گلشن اقبال پارک، نیشنل پارک، گلبرگ مارکیٹ، مین بلیوارڈ و دیگر پارکوں اور مارکیٹوں کا دورہ کرکے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا ۔سی سی پی او لاہور نے الرٹ ہوکرفرائض سرانجام دینے پر مین بلیوارڈپر گشت کرنے والے ڈولفن سکواڈ کے چار اہلکاروں کو نقد انعام دیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا گلشن اقبال پارک پر اچھی ڈیوٹی دینے پر انچارج سکیورٹی سب انسپکٹر کو 5 ہزارروپے انعام بھی دیا۔ اس موقعہ پر گفتگو کرتے ہوئے سی سی پی اولاہور کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پرلاہورپولیس شہرکے تمام پارکوں اور تفریحی مقامات کو فول پروف سکیورٹی فراہم کررہی ہے۔ ڈیوٹی پر مامورپولیس اہلکارالرٹ ہوکر فرائض سرانجام دیں ۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ ہم نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ شام ہوتے ہی پارکوں اور تفریحی مقامات کی سکیورٹی بڑھادی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کی خاطر ڈولفن سکواڈاور پولیس رسپانس یونٹ کے اہلکاروں کا شہر کی مختلف شاہراوں پرمؤثر گشت جاری ہے۔