امریکہ بھول جائے پاکستان اس کے اشاروں پر چلے گا،اپنی 80 فیصد دفاعی ضروریات خود پوری کررہے ہیں: وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین
وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ امریکہ بھول جائے کہ پاکستان اس کے اشاروں پر چلے گا، اپنی 80 فیصد دفاعی ضروریات خود پوری کررہے ہیں، امریکا سے ریاستی سطح پر بات چیت جاری ہے۔لاہور میں پی سی ایس آئی آر لیبارٹری کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ امریکہ بھول جائے کہ وہ کچھ کرسکتا ہے، پاکستان خود مختار ملک ہے ،امریکی امداد کی بندش سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑت،ا جب بھی پابندیاں لگیں پاکستان نے زیادہ ترقی کی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ فیصلوں سے عدم استحکام آیا جس کا مخالفین فائدہ اٹھا رہے ہیں، عدالتی فیصلوں پر اختلاف ہے لیکن اسے تسلیم کر رہے ہیں، ابھی کسی نے ایسا کچھ نہیں کہا کی جس پر توہین عدالت لگے۔رانا تنویر نے کہا کہ حکومت اور فوج مشکل حالات میں دہشت گردی کی جنگ لڑ رہی ہے، امریکا بھی ہماری جگہ ہو تو دہشت گردوں کے خلاف مشکلات کا شکار ہوگا۔