قائد اعظم ٹرافی:سنٹرل پنجاب نے سدرن پنجاب کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کاآخری رائونڈ مکمل، سنٹرل پنجاب نے سدرن پنجاب کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ بلوچستان نے سندھ کو شکست دے دی،خیبرپختونخواہ اور ناردرن کا میچ ڈرا ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق سٹیٹ بینک سٹیڈیم میں قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کے دسویں اور فیصلہ کن مرحلے میں دفاعی چیمپئین سنٹرل پنجاب نے سدرن پنجاب کو دس وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ میچ کے آخری روز سنٹرل پنجاب کو جیتنے کے لیے 63 رنز کا ہد ف ملا تھا جو انہوں نے بغیرکسی نقصان کے حاصل کر لیا۔محمد اخلاق نے 38 اور محمد سعد نے 25 ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔سدرن پنجاب نے کل کے سکور 314 سے کھیل شروع کیا سیف بدر 17 اور محمد الیاس نے 4 رنز سے اننگز کا آغاز کیا۔سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 368 رنز بنا کر آو¿ٹ ہوگئی سیف بدر نے چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 52 رنز کی اننگز کھیلی۔ سنٹرل پنجاب کی طرف سے حسن علی نے 91 رنز دے کر تین جبکہ احمد صافی نے 108 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔بلاول اقبال اور احمد بشیر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل سنٹرل پنجاب نے اپنی پہلی اننگز میں 493 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں سدرن پنجاب کی ٹیم 187 رنز ہی بنا سکی سدرن پنجاب کو فالوآن کا سامنا کر نا پڑا،سدرن پنجاب نے اپنی دوسری اننگز میں 368 رنز بنائے تھے۔حسن علی نے میچ میں چھ وکٹیں حاصل کیں۔
یو بی ایل سپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے سندھ کو نو وکٹوں سے شکست دے دی،میچ کے آخری روز بلوچستان کو 99 رنز کا ہدف ملا تھا جو انہوں نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔علی رفیق نے آٹھ چوکوں کی مدد سے 55 رنز ناٹ آئوٹ بنائے،علی وقاص پر 12 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے،عمران فرحت 31 رنز بنا کر تابش کا شکار بنے۔سندھ کی ٹیم نے فالو ان کے بعد آج 208 رنز سے اپنی دوسری اننگز شروع کی خرم منظور نے 82 اور ابرار احمد نے صفر سے اننگز کا آغاز کیا ،خرم منظور چھ رنز کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہ کرسکے انہوں نے پندرہ چوکوں کی مدد سے 94 رنز بنائے۔اسد شفیق نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔سندھ کی پوری ٹیم 317 بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ اس سے قبل بلوچستان نے اپنی پہلی اننگز میں 414 رنز بنائے تھے۔سندھ کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں195 رنز بنائے اور دوسری اننگز میں 317 رنز بنائے تھے۔بلوچستان کے کاشف بھٹی نے 8 وکٹیں حاصل کیں اور جلات خان نے پانچ کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
نیشنل سٹیڈیم میں خیبر پختونخواہ اور ناردرن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ڈرا رہا۔ چوتھے روز جب کھیل ختم کرنے کا اعلان کیا گیا تو ناردرن نے دوسری اننگز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 108 رنز بنائے تھے۔ ناردرن کو میچ جیتنے کے لیے 474 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف ملا تھا۔ ناردرن کی جانب سے ناصر نواز نے 48 اور محمد نواز نے 28 رنز بنائے۔ خالد عثمان نے تین اور ساجد خان نے دو وکٹیں لیں۔ اس سے قبل خیبر پختونخواہ نے 87 رنز 3 کھلاڑی آئوٹ سے دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا اور252 رنز پر 8 وکٹیں گرنے کے بعد اننگز ڈیکلئیر کر دی۔ کامران غلام 51 اور عادل امین نے 77 رنز بنائے۔ محمد نواز نے 69 رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں۔ خیبر پختونخواہ نے پہلی اننگز میں 521 اور ناردرن نے پہلی اننگز میں 336 رنز سکور کیے تھے۔قائد اعظم ٹرافی فرسٹ الیون کا فائنل یکم جنوری سے پانچ جنوری تک نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا،جہاں خیبر پختونخواہ اور سنٹرل پنجاب کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔