عوام کیلئے ایک سال مشکل‘ اسکے بعد ترقی کا نیا سفر شروع ہوگا: نعیم الحق
اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور نعیم الحق نے کہا ہے پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن نے اپنی سیاست کو ترجیح دی اور ملکی معاشی صورتحال کو پس پشت ڈال دیا۔اخراجات کے بنیادی اصولوں کو 5سال پامال کیا گیا۔گرشتہ دور حکومت نے ہر روز7ارب کے خرچے کئے اورقر ضے لیے۔ پاکستان پر اس وقت 30ہزار ارب روپے کا قرضہ ہے جس کے اوپر روزانہ6ہزار ارب روپے سود دینا پڑتا ہے۔6بڑے ملکی ادارے روزانہ15کروڑ کا نقصان کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ(ن) اور پیپلز پارٹی نے شاہانہ انداز میں ملک کو لوٹاہے،ہمیں حکومت کا خزانہ خالی ملا ہے،عوام کیلئے ایک سال مشکل ہوگا جس کے بعد ترقی کا نیا سفر اس ملک میں شروع ہوگا، تجارتی خسارہ30ارب روپے سے تجاوز کرچکا ہے عمران خان نے فیصلہ کیا ہے پاکستان کے تمام وسائل کو استعمال کر کے ملک کو دلدل سے نکالیں گے، حکومت اپنی پالیسیز کا بوجھ غریبوں پر نہیں بلکہ امرا پر ڈال رہی ہے۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا اس وقت ملک میں معاشی ایمرجنسی لگانے کی ضرورت تھی لیکن ہم نے نہیں لگائی۔حکومت پورے ملک میں صحت کارڈ کا اجرا شروع کر رہی ہے جس سے غریبوں کو صحت کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی۔ اسی ہفتے وزار اعظم عمران خان ہائوسنگ پالیسی کا اعلان کریں گے۔