لارڈز میں کارکردگی پر فخر، تسلسل بر قرار رکھیں گے: سرفراز احمد
لارڈز(اے پی پی )پاکستانی ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی پر فخر ہے، نوجوان کھلاڑی جس طرح پرفارم کر رہے ہیں وہ پلس پوائنٹ ہے، آخری ٹیسٹ میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھ کر سیریز جیتنے کیلئے سرتوڑ کوشش کریں گے۔ لارڈز ٹیسٹ میں فتح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی قائد نے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے، کھلاڑیوں نے کھیل کے تینوں شعبوں پر اچھا پرفارم کیا، امید ہے کہ کھلاڑی آخری ٹیسٹ میں بھی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔ انگلینڈ کے مقابلے میں ہماری ٹیم ناتجربہ کار تھی لیکن پہلے ٹیسٹ میں فتح کے بعد کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھا ہے اور اب وہ دوسرے میچ میں میزبان ٹیم کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں، ہمارے کوچز سخت محنت کر رہے ہیں، بائولرز نے پلان کے مطابق بائولنگ کی اسلئے کامیاب رہے، نوجوان کھلاڑیوں کی کارکردگی قابل ستائش رہی، امید ہے کہ وہ مستقبل میں بھی عمدہ پرفارم کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کریں گے۔پاکستانی ٹیم کے فاسٹ بائولر محمد عباس نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں بہت انجوائے کیا، مستقبل میں کوشش ہو گی کہ اپنی پرفارمنس سے ٹیم کو فتوحات دلانے میں اہم کردار ادا کروں۔ پاکستان نے انگلینڈ کو لارڈز ٹیسٹ میں 9 وکٹوں سے شکست دی، محمد عباس نے میچ میں 64 رنز کے عوض 8 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ میچ کے بعد اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ میرے لئے باعث فخر لمحہ ہے کہ میری کارکردگی ٹیم کی جیت کے کام آئی، میں نے پورے ٹیسٹ میں اپنی بائولنگ سے بہت انجوائے کیا، مستقبل میں بھی کوشش ہو گی کہ اچھا پرفارم کر کے ٹیم کو فتوحات دلانے میں کردار ادا کروں، گلین میگراتھ اور محمد آصف میرے ہیروز ہیں، آصف سے بہت کچھ سیکھا اور انہوں نے میری بہت راہنمائی کی جس پر ان کا مشکور ہوں۔انگلش ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز بلے باز جوروٹ نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف لارڈز ٹیسٹ میں ہماری ٹیم تینوں شعبوں میں ناکام رہی، کھلاڑیوں نے بہت غلطیاں کیں امید ہے کہ وہ اگلے میچز میں نہیں دوہرائیں گے، سیریز برابر کرنے کیلئے اگلے میچ میں پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ انگلش قائد نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستانی ٹیم نے ہماری ٹیم کو تینوں شعبوں میں آئوٹ کلاس کیا، ہماری ٹیم گرین شرٹس کے مقابلے زیادہ مضبوط اور تجربہ کار ہے لیکن اس کے باوجود شکست پوری ٹیم کیلئے ویک اپ کال ہے، کھلاڑیوں نے غیرذمہ دارانہ اسٹروکس کھیل کر وکٹیں گنوائیں، امید ہے کہ وہ مستقبل میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آخری ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کی کوشش کریں گے اور اس مقصد کیلئے کھلاڑیوں کو تینوں شعبوں میں صلاحیتوں سے بڑھ کر کارکردگی دکھانا ہو گی۔