نیشنل ٹاسک فورس کی مہم برائے تدارک جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات جاری ہے
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے ترجمان کے مطابق نیشنل ٹاسک فورس کی مہم برائے تدارک جعلی، غیر رجسٹرڈ ادویات پورے ملک میں کامیابی سے جاری ہے۔ ایک ماہ تک چلنے والی اس مہم کا آغاز 19 مارچ 2018 سے چاروں صوبوں بشمول گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر سے کیا گیا تھا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر شیخ اختر حسین کی ہدایت کے مطابق ٹاسک فورس روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ ڈریپ کو ارسال کر رہی ہے ۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 191 مختلف چھاپوں کے نتیجے میں ڈریپ ایکٹ اور ڈرگ ایکٹ 1976 کی خلاف ورزیوں پر 64 مقامات پر سٹاک کو قبضے میں لیا گیا۔ 37 مقامات جن میں میڈیکل سٹور ، ہسپتال اور ڈسٹری بیوٹرز شامل ہیں، کو سر بمہر کیا گیا۔ اب تک چار ملزمان کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کر دیا گیا اور دو ایف آئی آر کی اجازت متعلقہ کوالٹی کنٹرول بورڈ سے حاصل کی جا رہی ہے۔ ڈریپ ترجمان نے واضح کیا ہے کہ مہم سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے بعد بنائے گئے روڈ میپ کا حصہ ہے اور اس مہم میں ڈریپ نے گزشتہ دنوں عوام الناس سے اپیل کی تھی کہ اگر وہ کسی شخص فارمیسی ، میڈیکل اسٹور یا مینوفیکچرر کو جعلی اور غیر رجسٹرڈ ادویات کی تیاری میں ملوث دیکھیں تو فوراً ڈریپ کو اطلاع دیں۔